کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات پیش آئے جن کے دوران 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد پانی سڑکوں پر موجود ہے۔ متعدد بس اسٹاپس پر بھاری مقدار میں پانی کھڑا ہونے کے باعث عوام کو آمدورفت میں مسائل کا سامنا ہے جبکہ بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔
کھڑے ہوئے پانی کی نکاسی عمل میں نہ لائی جاسکی۔ کراچی کے علاقے حسین آباد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے شہری جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے بھی تصدیق کی کہ راحیل کی وفات کرنٹ لگنے کے باعث ہوئی۔
قبل ازیں پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو ٹریفک حادثہ قرار دے دیا تھا۔حیرت انگیز طور پر کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جس کھمبے سے کرنٹ لگا اور راحیل کی وفات ہوئی، وہ کے الیکٹرک کا نہیں ہے۔
کرنٹ لگنے کے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اہلِ خانہ کی طرف سے مقدمہ درج کرائے جانے کا انتظار ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
آج سے 2 ماہ قبل پیش آنے والے واقعے کے متعلق چھیپا ذرائع کا کہنا تھا کہ جاں بحق شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
چھیپا ذرائع کا کہنا تھا کہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم ابتدائی تفتیش کے مطابق اس کی عمر 25 سال کے لگ بھگ ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی، لانڈھی لیبر اسکوائر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک