جید علماء کرام کا جماعت اسلامی کے ”فلسطین مارچ“ کی حمایت کااعلان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

جید علماء کرام کا جماعت اسلامی کے ”فلسطین مارچ“ کی حمایت کااعلان
جید علماء کرام کا جماعت اسلامی کے ”فلسطین مارچ“ کی حمایت کااعلان

کراچی: معروف اور جید علمائے کرام نے 23مئی کو شاہراہ فیصل پر جماعت اسلامی کے تحت ہونے والے ”فلسطین مارچ“ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ مارچ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں۔

تفصیلات کے مطابق امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مہتمم دارالعلوم نعیمیہ مفتی منیب الرحمن،شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی اورمہتمم جامعہ ستاریہ گلشن اقبال علامہ محمد سلفی سے ان کے دارالعلوم میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، غزہ پر بمباری عورتوں وبچوں سمیت 250سے زائد فلسطینیوں کی شہادت اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار23مئی کوشاہراہ فیصل پرعظیم الشان ”فلسطین مارچ“میں شرکت کی دعوت دی۔

جید علمائے کرام نے حافظ نعیم الرحمن کی آمد کا بھرپور خیر مقدم کیا اور 23مئی کو شاہراہ فیصل پر عظیم الشان ”فلسطین مارچ“ کی مکمل اور بھرپور حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اہل کراچی سے اپیل کی ہے کہ مارچ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کر کے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں۔

اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد، مسلم پرویز،سکریٹری منعم ظفر خان،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید،امیر ضلع کورنگی عبد الجمیل خان، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن اور مفتی منیب الرحمن نے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے،علام اسلام کے حکمران مفلوج نظر آتے ہیں۔

افسوس ہے کہ فلسطین کا مسئلہ جب اسمبلی میں پیش کیا گیا تو وزیر اعظم موجود نہیں تھے،ہم جماعت اسلامی کی کاوشوں کی تائید اورتحسین کرتے ہیں،باہمی تعاون ہمارا دینی اور ملی فریضہ ہے،ہمیں اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہیئے تاکہ عالمی سطح پر فلسطینی مسلمانوں کے حق میں ایک مؤثر پیغام جائے کہ مسلمانوں کو بند گلی کی طرف نہ دھکیلا جائے۔

انہوں نے کہاکہ امت کی اتحاد و یکجہتی اسرائیل کی مذمت، فلسطینی مسلمانوں کی حمایت،حکمرانوں کو جھنجھوڑنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ امت کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کرسکیں۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ فلسطین میں اسرائیل نے پونے تین سوسے زائد فلسطینی مسلمانوں کو شہید کردیا ہے،اسرائیل قبلہ اول بیت المقدس پر قابض ہونا چاہتا ہے،آج انبیاء کی سرزمین فلسطینی مسلمانوں کے خون سے رنگین ہے۔

ہم بھر پور انداز میں فلسیطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، 23 مئی کو کراچی میں بھرپور اور عظیم الشان ”فلسطین مارچ“منعقد ہوگا،پوری دنیا کی توجہ اس کی طرف دلانے کی ضرور ت ہے جہاں فلسطینی اسرائیلی جارحیت کا شکار ہیں۔

Related Posts