سعودیہ ایران کشیدگی کےخاتمے کےلیے وزیراعظم عمران خان سعودی عرب روانہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

imran khan visiting saudia
سعودیہ ایران کشیدگی کےخاتمے کےلیے وزیراعظم عمران خان سعودی عرب روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان ایران کے بعد سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے، وزیراعظم کے دورے کا مقصد سعودیہ عرب اور ایران کی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان اپنے اہم دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اور سعودی قیادت کو دورہ ایران پر اعتماد میں لیں گے۔
سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقاتوں میں وزیراعظم کی ان سے ایرانی سپریم لیڈر اور صدر حسن روحانی سے ملاقاتوں میں سامنے آنے والی تجاویز پر تبادلہ خیال ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت سے ملاقات میں دیگر رہنماؤں سے ہونے والی حالیہ مشاورت پر بات چیت کریں گے، اس کے علاوہ دوطرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والے دیگر معاملات بھی اس ملاقات کا موضوع ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے اہم اقدامات بھی تجویز کئے جائیں گے،جب کہ وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب سے آج ہی واپسی کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ یہ رواں سال میں عمران خان کا سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہے جبکہ اسی عرصے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی ایک مرتبہ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔
قبل ازیں اتوار کو وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر تہران پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی صدر حسن روحانی سے بھی ملاقات کی تھی۔
دورہ ایران کے دوران وزیراعظم عمران خان نے خلیجی ممالک کو کسی فوجی تنازع سے بچانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ خلیجی ممالک میں تمام فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔ پاکستان سعودی ایران کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات سے مسائل حل کرنے میں سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے تہران میں کہا تھا کہ ماضی میں پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کی میزبانی کی تھی اور اب دوبارہ خواہش ہے کہ وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اختلافات کو ختم کرے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتا، میرے دورے کا اہم مقصد ہے کہ خطےمیں ایک اورتنازع جنم نہ لے۔

Related Posts