وزیر اعظم پاکستان عمران خان کل سعودی عرب کے مختصر دورے پر جائیں گے جہاں ایران سعودیہ امن مشن کے حوالے سے اعلیٰ سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور امن عمل کے حوالےسے گفت و شنید ہوگی۔
وزیر اعظم عمران خان کی دورۂسعودی عرب کے دوران سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ہوں گی جن میں وزیر اعظم کے دورۂ ایران کے دوران ہونے والی امن عمل پیش رفت سے سعودی اعلیٰ قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا دورۂ پاکستان بہت اچھا رہے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا دورۂ سعودی عرب انتہائی اہم ہے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ساتھ دیگر وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ایران کا دورہ سنگ میل ثابت ہوں گے جبکہ پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم برادر ممالک ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے ایران اور سعودی عرب کے دورے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے اہم ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا دورۂ سعودی عرب اور ایران سنگ میل ثابت ہوں گے۔فردوس عاشق اعوان