وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ حکومت کی طرف سے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کابینہ اراکین کو اپنے دورۂ ایران اور دورۂ سعودی عرب پر اعتماد میں لیں گے اور بتائیں گے کہ ایران سعودی عرب تنازعات کے حل کے لیے اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت آج ہوگی
وزیر اعظم کی صدارت میں کابینہ اراکین ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اہم ملکی اور بین الاقوامی امورپر تبادلۂ خیال کریں گے جبکہ کابینہ کو متروکہ وقف املاک کے اثاثہ جات پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ عوامی مفادات سے متعلق اقدامات پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لے گی جبکہ اسلام آباد ماسٹر پلان، سی ڈی اے تنظیم نو اور دیگر اہم معاملات کے حوالے سے بھی کابینہ اراکین کو بریفنگ دی جائے گی۔
کابینہ اجلاس کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ فیصلوں کی توثیق کے ساتھ ساتھ نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹیڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی، رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019ء اور دیگر صدارتی آرڈیننس قوانین کے متعلق بھی فیصلے کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی نعیم الحق نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تبدیل شدہ وفاقی کابینہ کی فہرست میں کوئی صداقت نہیں ہے جبکہ مخالفین اس طرح کی خبریں پھیلاتے رہتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 12 روز قبل اپنے پیغام میں نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے از خود تصدیق کی ہے کہ یہ لسٹ مکمل طور پر غلط ہے جبکہ مخالفین ایسی خبریں پارٹی میں دھڑے بندیاں ترتیب دینے کے لیے پھیلاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر موجود وفاقی کابینہ کی تبدیلی کی فہرست میں کوئی صداقت نہیں۔نعیم الحق