اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی جس میںبرطانوی شاہی جوڑے کی دورہ پاکستان پر متوقع آمد و دیگر دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پرغورکیا گیا۔
دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی،اس دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ،جبکہ برطانوی شاہی جوڑے کی دورہ پاکستان پر متوقع آمد و دیگر دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی غوکیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے کرفیو لگا کر 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ سمیت عالمی برادری کو کشمیریوں کو بھارتی ظلم سےنجات دلانا ہوگا، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے فوری خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت خطے میں امن و امان کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پراتفاق کرتے ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستانی عوام برطانیہ کے شاہی خاندان کا انتہائی احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کا پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 2006 میں جب شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال پاکستان آئے تو ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ شاہی جوڑے کے دورہ ء پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔