میڈرڈ: دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سردیوں کے دوران سر کرتے ہوئے کیمپس سے واپسی پر اسپین سے تعلق رکھنے والا کوہ پیما ہلاک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیپالی کوہ پیماؤں پر مشتمل 10 رکنی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے کے ٹو کو سردیوں کے دوران سر کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا تاہم سرگی منگوٹے نامی ہسپانوی کوہ پیما کیمپس سے واپسی کے دوران گر کر ہلاک ہوگئے۔
وزیرِ اعظم اسپین پیڈرو سنچیز نے ہفتے کے روز یہ اعلان کیا کہ سرگی منگوٹے کے ٹو سر کرنے کے مشن کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہسپتانوی کوہ پیما کے ٹو کو سردی کے دوران پہلی بار سر کرکے تاریخ کے صفحات میں نام رقم کرنا چاہتے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہم وطن کوہ پیما کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعظم اسپین پیڈرو سنچیز نے کہا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی اور کوہ پیما تھے جو کے ٹو کی چوٹی کو سردیوں میں پہلی بار سر کرنے کے عالمی ریکارڈ کا حصہ بنے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل دفترِ خارجہ نے سردیوں کے موسم میں پہلی بار دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر نیپالی کوہ پیماؤں کو مبارکباد پیش کی۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سردیوں کے موسم کے دوران پہلی بار سر کیا۔
مزید پڑھیں: کے ٹو سر کرنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم، پاکستان کی نیپالی ٹیم کو مبارکباد