پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے ہال آف فیم میں شامل ہوکر تاریخ رقم کر دی

مقبول خبریں

کالمز

zia-1-1-1
بازارِ حسن سے بیت اللہ تک: ایک طوائف کی ایمان افروز کہانی
zia-1-1-1
اسرائیل سے تعلقات کے بے شمار فوائد؟
zia-1-1
غزہ: بھارت کے ہاتھوں فلسطینیوں کا قتل عام؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Pakistan’s Iconic All-rounder Makes History with ICC Hall of Fame Induction
Cricket Pakistan

پاکستان کی سابق ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ہال آف فیم فہرست میں شامل ہو کر وہ نہ صرف پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا بلکہ ملک کی خواتین کرکٹ کی پہچان بھی بن گئیں۔

یہ اعلان لارڈز میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل سے قبل کیا گیا، اور ثناء میر کا نام دنیا کے عظیم ترین کرکٹرز کے ساتھ پیش کیا گیا۔

2005 میں اپنے ڈیبیو سے لے کر 2020 میں ریٹائرمنٹ تک ثناء میر نے نہ صرف میدان میں بلکہ میدان سے باہر بھی پاکستان میں خواتین کرکٹ کے مستقبل کو تشکیل دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

انہوں نے 120 ون ڈے اور 106 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی جن میں سے 72 ون ڈے اور 65 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بطور کپتان ٹیم کی قیادت کی۔

ان کی قیادت میں پاکستان نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیے جو پاکستان میں خواتین کرکٹ کو عزت اور پہچان دلوانے میں سنگ میل ثابت ہوئے۔

 

ون ڈے کرکٹ میں 151 وکٹوں کے ساتھ وہ آج بھی پاکستان کی سب سے کامیاب وکٹ ٹیکر ہیں۔ 2018 میں وہ دنیا کی نمبر ون ون ڈے بولر بھی بنیں، جو کسی بھی پاکستانی خاتون کھلاڑی کے لیے پہلا عالمی اعزاز تھا۔

ہال آف فیم میں شمولیت کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ثناء میر نے کہاکہ “ایک بچی کی حیثیت سے یہ خواب دیکھنا کہ کاش ہمارے ملک میں کبھی کوئی ویمنز ٹیم بھی ہو اور آج ان لیجنڈز کے ساتھ کھڑا ہونا جنہیں میں نے بیٹ یا بال پکڑنے سے پہلے ہی آئیڈیل مانا، یہ لمحہ ایسا ہے جسے تصور میں لانا بھی مشکل تھا۔”

ثناء میر اب ان پاکستانی عظیم کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہو چکی ہیں جن میں حنیف محمد، عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس، جاوید میانداد، ظہیر عباس اور عبدالقادر شامل ہیں۔ ان کی شمولیت صرف ذاتی کامیابی کا اعتراف نہیں بلکہ پاکستان اور دنیا بھر میں خواتین کرکٹ کی پہچان اور پذیرائی میں ایک اہم موڑ بھی ہے۔

اس سال آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ایم ایس دھونی، میتھیو ہیڈن، ہاشم آملہ، گریم اسمتھ، ڈینیئل ویٹوری اور سارہ ٹیلر شامل ہیں۔

Related Posts