اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پردنیا کے چھٹے مقبول ترین رہنمابن گئے، ، دورہ امریکا کے بعد عمران خان کے سوشل میڈیا پر فالوورز میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
گزشتہ برس کے اعداد و شمار کے مطابق وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر نویں مقبول ترین عالمی رہنما تھے تاہم اس برس انہوں نے تین عالمی رہنماؤں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، اقوام متحدہ میں خطاب کے بعد عمران خان کے ٹوئٹر فالوورز میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ سال ٹوئٹر پر چورانوے لاکھ فالوورز تھے اور اب ان کے دنیا بھر میں ان کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے بھی تجاوز کر گئی ہے ، اس وقت وزیراعظم عمران خان کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ ہے۔
ٹوئٹر پر دنیا کے مقبول ترین رہنماؤں میں 65.3 ملین فالوورز کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سرفہرست قرار پائے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 50.6 ملین فالوورز کے ساتھ دوسرے اور پوپ فرانسس 18.1 ملین فالوورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ ترک صدر رجب طیب اردوان 14.1 فالوورز کے ساتھ چوتھے مقبول ترین رہنما ہیں جب کہ انڈونیشیا کے صدر جوکو 12.2 ملین فالوورز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں اور وزیراعظم پاکستان عمران خان 10.5 ملین فالوورز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔
یاد رہے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت عروج پر پہنچ گئی تھی اور وہ یو این لیڈرز میں دوسرے نمبر پر رہے، گوگل سرچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد سب سے زیادہ عمران خان کو سرچ کیا گیا۔