کراچی میں بلاول ہاؤس نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی استعفیٰ جمع کراؤ تحریک کے تحت 99 میں سے 70 اراکین مستعفی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اراکین اور صوبائی وزراء نے اپنے اپنے استعفے پیپلز پارٹی قیادت کو جمع کرادئیے ہیں جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقعے پر لاڑکانہ میں جلسے کا اعلان کرچکی ہے۔
استعفے جمع کرانے کی تحریک چلانے والی پی ڈی ایم بھی پیپلز پارٹی کے لاڑکانہ جلسے میں شریک ہوگی۔ بلاول ہاؤس کے مطابق 99 میں سے 70 اراکین مستعفی ہونے کیلئے تیار ہیں جو پارٹی قیادت کا اشارہ پاتے ہی سندھ اسمبلی میں مختص اپنی اپنی نشستیں چھوڑ کر حکومت گرا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سندھ اسمبلی سے استعفے دینے کے فیصلے کوخوش آئند سمجھتے ہیں،استعفوں کے بعد الیکشن کمیشن فوری ان سیٹوں پر ضمنی الیکشن کرائے۔
ہم سندھ میں حکومت بناکرصحت، تعلیم، بلدیات اور داخلہ کے محکمے میں اصلاحات لائیں گے۔ پی پی پی عوام کی فکر کئے بغیر ابو بچاؤ مہم عروج پر پہنچ چکی ہے، مولانا کو اسلام کی نہیں بلکہ اسلام آباد کی فکر ہے جبکہ بلاول اور مریم عوام کو کورونا سے ماررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کی استعفیٰ دو حکومت گراؤ تحریک، پی ٹی آئی کا خیر مقدم