کراچی: وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ بن گئے، تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو 7 اکتوبر کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے سن 1985ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر بھی حاصل کی۔ وائس ایڈمرل امجد خان متعدد کمانڈز اور اسٹاف عہدیدوں پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل محمد امجد خان کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی کے عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ آپ چیف آف نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایوالیو ایشن) اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جنس کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
پاکستان نیوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اِس وقت چیف آف اسٹاف (آپریشنز) کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں آپ کو ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت کے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے جبکہ حکومتِ فرانس نے بھی آپ کو شیویلئے (نائٹ) کے میڈل سے نوازا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ