وزیراعظم عمران خان نے کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے بھارت کے غیرقانونی تسلط اور انسانی حقوق کی پامالی کو مزید اجاگر کرنے کی تلقین بھی کی۔
وزیراعظم اور کشمیراسٹڈی گروپ کے بانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی نعیم الحق، ڈاکٹر ملیحہ لودھی، امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹراسد مجید خان سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے فاروق کتھواری پر زور دیا کہ وہ اپنے فورم کو استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم، اس کے غیر قانونی تسلط اور انسانی حقوق کی پامالی اور اس کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کریں تاکہ نریندر مودی کی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوسکے۔
واضح رہے کہ فاروق کتھواری امریکی صدارتی کمیشن برائےایشیائی امریکیوں کےکمیشن کےممبررہ چکے ہیں، فاروق کتھواری نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیر اسٹڈی گروپ کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہیں جہاں وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کریں گے۔
یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو آرٹیکل 370 کو صدر رام ناتھ کووند کے دستخط کے بعد منسوخ کرنے کابل پیش کیا تھا ،مذکورہ بل کی منظوری کے بعد سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے، اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
وادی میں مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔