ایک دن میں 3 ارب 79 کروڑ ڈالر کی آمدنی! جی ٹی اے 6 کی دھماکے دار انٹری سے دنیا حیران

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فوربس)

دنیا کی مقبول ترین ویڈیو گیم سیریز گرینڈ تھیفٹ آٹو (جی ٹی اے) کی نئی قسط جی ٹی اے 6 نے ریلیز کے پہلے ہی روز حیران کن کامیابی حاصل کرلی۔ راک اسٹار گیمز کے مطابق گیم نے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 3.79 ارب ڈالر (تقریباً 13.92 ارب درہم) کی خوردہ فروخت کرکے گیمنگ انڈسٹری میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

کمپنی کے مطابق یہ اعداد و شمار لانچ کے روز کے عالمی تخمینوں پر مبنی ہیں، جبکہ گیم کی ریلیز سے قبل ہی مختلف پلیٹ فارمز پر اس کی 3 کروڑ 25 لاکھ کاپیاں فروخت ہوچکی تھیں۔ راک اسٹار گیمز کے بانی سیم ہاؤسر نے کھلاڑیوں کی غیر معمولی دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

جی ٹی اے 5 بھی مقابلے سے باہر

جی ٹی اے 6 کی کامیابی نے 2013 میں ریلیز ہونے والی سابقہ قسط جی ٹی اے 5 کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ جی ٹی اے 5 نے ابتدائی تین دن میں ایک ارب ڈالر کی فروخت حاصل کی تھی اور اب تک دنیا بھر میں اس کی 23 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔

پلے اسٹیشن پر پری آرڈر کا نیا ریکارڈ

گیم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پلے اسٹیشن کے مطابق جی ٹی اے 6 اس کے آن لائن اسٹور کی تاریخ میں سب سے زیادہ پری آرڈر حاصل کرنے والی گیم بن گئی۔ صارفین کی سہولت کے لیے اسے ریلیز سے نو روز پہلے ڈاؤن لوڈ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ امریکا میں اس کے معیاری ایڈیشن کی قیمت تقریباً 80 ڈالر ہے۔

13 سال بعد وائس سٹی کی واپسی

نئی قسط کی کہانی فرضی امریکی ریاست لیونیڈا میں ترتیب دی گئی ہے جہاں لوشیا کامینوس اور جیسن ڈووال نامی دو کردار جرائم کی دنیا کے ذریعے اپنی زندگی بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گیم میں میامی سے متاثر مشہور فرضی شہر وائس سٹی بھی دوبارہ پیش کیا گیا ہے۔

معروف فنکار بھی گیم کا حصہ

گیم میں لوشیا کا کردار منی ایل پیریز جبکہ جیسن کا کردار ڈیلن رورک نے ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ بوبی موینیہن، اسٹیفن روٹ، ٹیرن میننگ، روزلین سانچیز اور ریپر ڈینزل کری بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔

ریکارڈ فروخت اور دنیا بھر میں غیر معمولی دلچسپی نے جی ٹی اے 6 کو ویڈیو گیمز کی تاریخ کی بڑی تجارتی کامیابیوں میں شامل کردیا ہے۔

Related Posts