ڈیجیٹل دنیا میں مواد تخلیق کرنے والوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ ویڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی عالمی ویب سائٹ یوٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم پر کمائی حاصل کرنے کی کم از کم حد میں نمایاں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اب تخلیق کاروں کو 100 ڈالر کے بجائے صرف 20 ڈالر جمع ہونے پر بھی ادائیگی جاری کی جا سکے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوب اس سہولت کو فی الحال امریکا، بھارت اور انڈونیشیا کے محدود صارفین پر آزما رہا ہے۔ اس تجربے کا مقصد ایسے تخلیق کاروں کو سہولت فراہم کرنا ہے جن کی آمدنی نسبتاً کم ہوتی ہے اور انہیں موجودہ نظام کے تحت ادائیگی حاصل کرنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے تحت کام کرنے والے تخلیق کاروں کو عمومی طور پر اس وقت ادائیگی کی جاتی ہے جب ان کے اکاؤنٹ میں کم از کم 100 ڈالر کی رقم جمع ہوجائے۔
مجوزہ تبدیلی کے تحت اگر ادائیگی کی کم از کم حد 20 ڈالر مقرر کردی جاتی ہے تو چھوٹے اور نئے تخلیق کار بھی اپنی جمع شدہ آمدنی نسبتاً جلد حاصل کرسکیں گے۔
یہ سہولت ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے اور یوٹیوب کی جانب سے اسے تمام ممالک میں متعارف کروانے کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








