ملکی دفاع کے اداروں نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشتگرد مارے گئے۔ فورسز نے اس کارروائی میں دہشتگردوں کا ایک اہم ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
دوسری کارروائی کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع وڈھ میں بھی سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے صوبے بھر میں باقی ماندہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز تاحال جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








