وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نئی ماڈل جیل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور وزیراعظم جلد اس کا افتتاح کریں گے جسکے بعد دارالحکومت کے قیدیوں کو مرحلہ وار نئی جیل منتقل کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ نئی جیل کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے اور اسے مثالی ادارے کے طور پر چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں تین سے چار ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی نئی جیل منتقلی سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اسلام آباد کے تمام قیدیوں کو اس جیل میں منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کسی ایک قیدی کے بجائے دارالحکومت کے تمام قیدیوں کی منتقلی پیش نظر ہے۔
جیلوں میں منشیات کی روک تھام سے متعلق سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر نئی جیل کو ماڈل جیل قرار دیا جا رہا ہے تو اسے ہر لحاظ سے مثالی بنایا جائے گا اور وہاں سخت انتظامی نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وہ اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے کہ جیل سے نکلنے والا ہر شخص بہتر انسان بن جائے گا تاہم قیدیوں کی نگرانی اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے افتتاح کے بعد جیل کو فعال کر دیا جائے گا جس کے بعد اسلام آباد کے قیدیوں کی منتقلی کا عمل شروع ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








