بندرگاہ پورٹ قاسم پر ایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس) کے کارگو جہازوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اسی سلسلے میں رواں ہفتے کا تیسرا بڑا جہاز بھی لنگر انداز ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بحرین سے آنے والا ایل پی جی بردار جہاز ییلو اسٹون چار ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچا ہے جہاں سے گیس کی پائپ لائنز کے ذریعے منتقلی کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل رواں ہفتے کے دوران دو دیگر جہاز بھی سات ہزار ٹن سے زائد ایل پی جی لے کر یہاں پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب، پڑوسی ملک ایران سے بھی ایل پی جی کی درآمد میں نمایاں تیزی آنے کی اطلاعات ہیں۔ پاک-ایران بارڈر سے درکار اجازت ملنے کے بعد، اگلے چوبیس گھنٹوں کے اندر ایک سو سے زائد باؤزرز کے ذریعے دو ہزار میٹرک ٹن سے زائد اضافی گیس کراچی پہنچنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
پورٹ قاسم اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی ان مسلسل اور بروقت درآمدات سے ملک بھر میں گھریلو اور تجارتی صارفین کی توانائی سے جڑی ضروریات کو پورا کرنے میں بڑی مدد مل رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








