صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر حصوں میں گھریلو اور تجارتی ایل پی جی کا سنگین بحران پیدا ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کو روزمرہ کے امور میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں مائع گیس (ایل پی جی) کی فی کلو قیمت 600 سے 650 روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ ملحقہ چھوٹے قصبوں اور دیہی علاقوں میں صورتحال مزید ابتر ہے جہاں یہ مہنگی ترین گیس 700 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔
بحران شدت اختیار کرنے کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں ایل پی جی کا اسٹاک مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے جس کی وجہ سے متعدد دکانیں اور سلنڈر ری فلنگ پوائنٹس بند پڑے ہیں۔
عوامی حلقوں نے حکومت کی مجرمانہ خاموشی اور غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کے باعث ایل پی جی مافیا کو کھلی چھٹی مل گئی ہے جو دونوں ہاتھوں سے غریب عوام کی جیبیں کاٹ رہا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں نے اپنا موقف دیتے ہوئے بتایا کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں خود انہیں انتہائی مہنگے داموں گیس فروخت کر رہی ہیں اس لیے وہ اپنی لاگت پوری کرنے اور مجبوری کے تحت اسے مہنگے نرخوں پر بیچنے پر مجبور ہیں۔
متاثرہ عوام نے نگران اور متعلقہ حکام سے اس سنگین بحران کا فوری نوٹس لینے اور مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








