ملک میں اپنا ذاتی مکان خریدنے یا بنانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں باضابطہ طور پر نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کا اجرا ء کر دیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد عام شہریوں کو کم لاگت اور آسان شرائط پر چھت فراہم کرنا ہے۔
اس اہم پالیسی کے سلسلے میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاکہ نئی ہاؤسنگ پالیسی بے گھر اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل فریم ورک فراہم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے بعد اب عام شہریوں کے لیے اپنے ذاتی گھر کا مالک بننا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس پالیسی کے موثر نفاذ کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ پالیسی نہ صرف ہاؤسنگ کے بحران کو حل کرے گی بلکہ ملک میں پائیدار اور متوازن شہری ترقی کے فروغ میں بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت تعمیر ہونے والے رہائشی یونٹس مکمل طور پر ماحول دوست (Eco-friendly) ہوں گے، جو موجودہ دور کے جدید تقاضوں اور موسمیاتی تبدیلی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








