لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو میں فائرنگ کا ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں باپ اور اسکے تین بیٹوں سمیت مجموعی طور پر پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
مقامی پولیس کے ذرائع کے مطابق لرزہ خیز واردات جیکب آباد روڈ پر اس وقت رونما ہوئی جب مسلح ملزمان نے اچانک فائرنگ شروع کر دی جس سے موقع پر ہی کہرام مچ گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد (والد اور تین حقیقی بھائی) شامل ہیں جبکہ اس المناک فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیر بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
واقعے کے فوری بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اعلیٰ حکام کا نوٹس
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رتوڈیرو میں پیش آنے والے اس پانچہرے قتل کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ سے واقعے کی مفصل رپورٹ طلب کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اس بہیمانہ فعل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ قبائلی تنازعات اور پرانی رنجشوں کی وجہ سے انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے اور علاقے میں مستقل امن و امان کے قیام کے لیے فوری اور سخت اقدامات کرنے کی تاکید بھی کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








