جنوبی انگلینڈ میں ریل نیٹ ورک کو ایک عجیب و غریب اور سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے جہاں ٹرینوں کے اندر کھٹملوں (Bedbugs) کی بھرمار کے باعث متعدد ریل سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق ٹرینوں کی بوگیوں کے اندر کھٹملوں کی موجودگی کی تصدیق ہونے کے بعد ساؤتھ ایسٹرن (Southeastern) کمپنی کی کئی ٹرینوں کو فوری طور پر شیڈول سے ہٹا دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مسئلہ ایسٹ سسیکس کے علاقے ہیسٹنگز کے قریب واقع ویسٹ مرینا ٹرین کیئر ڈپو کو شدید طور پر متاثر کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ساؤتھ ایسٹرن کی ہائی اسپیڈ 1 (High Speed 1) لائن پر چلنے والی ٹرینوں میں بھی ان کیڑوں کے پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس سے حکام میں یہ تشویش بڑھ گئی ہے کہ یہ وبا تیزی سے پورے نیٹ ورک میں پھیل رہی ہے۔
صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب ٹرین ڈرائیوروں نے ان متاثرہ بوگیوں میں ڈیوٹی سر انجام دینے یا سوار ہونے سے صاف انکار کر دیا۔ ڈرائیوروں نے انتظامیہ اور مالکان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس سنگین حفظانِ صحت کے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








