صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے سندھ میں متوقع بارشوں کے پیش نظر کراچی سمیت تمام بلدیاتی اداروں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق بارشوں کے دوران شہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بچانے اور نکاسی آب کے نظام کو موثر رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں واٹر کارپوریشن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر بلدیات نے ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب کے لیے استعمال ہونے والے پمپس، مشینری اور دیگر ضروری وسائل کو مکمل طور پر فعال حالت میں رکھا جائے تاکہ بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو مزید ہدایت دی کہ برساتی نالوں اور پانی کے گزرگاہوں میں پانی کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے اور نکاسی آب میں رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر نے شہریوں کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش اور تیز ہواؤں کے دوران شہری درختوں اور اشتہاری سائن بورڈز کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








