بس اب گرمی کی چھٹی! کراچی میں 14 ستمبر سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

شہر قائد میں گرمی اور حبس کے بعد موسم میں تبدیلی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 14 ستمبر سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال کے شمال مغربی حصے اور اڑیسہ کے ساحلی علاقوں کے قریب بننے والا کم دباؤ کا موسمی نظام چھتیس گڑھ کے اطراف بھی اثر انداز ہورہا ہے۔ یہ نظام بتدریج مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

موسمیاتی صورتحال کے باعث کل شام سے 16 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 14 سے 16 ستمبر کے دوران سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی 14 ستمبر سے موسم کے تیور بدلنے کا امکان ہے، جہاں 16 ستمبر تک مختلف اوقات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے قبل آج اور کل کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ درجہ حرارت 36 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

Related Posts