کراچی:مایہ ناز فلم اور ٹی وی ایکٹر عابد علی جگر کے عارضے میں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل ہو گئے ہیں۔ ان کی بیماری سے غمزدہ اہل خانہ نے مداحوں سے دُعاؤں کی اپیل کی ہے۔
گزشتہ دو ماہ سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج مایہ ناز اداکار کی صاحبزادی کا کہنا ہے کہ عابد علی کی صحت یابی کو ان کے ڈاکٹرز نے تقریباً ناممکن قرار دے دیا ہے، اس لیے ہم ان کے مداحوں سے دُعاؤں کی درخواست کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی فلمسٹار اور کامیڈین کیون ہارٹ کار ایکسیڈنٹ میں شدید زخمی
عابد علی کی بیٹی راہمہ علی نے والد کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر سوشل میڈی ایپ انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے والد دو ماہ سے شدید بیمار ہیں۔ علاج کے لیے تمام طبی کوششیں کرچکے ہیں لیکن ڈاکٹرز نے جواب دے دیا ہے۔ راہمہ علی نے دُعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کی طرف سے جواب مل جانے کے باوجود ہم یقین رکھتے ہیں کہ اللہ سے بڑی کوئی طاقت نہیں۔
دو روزقبل عابد علی کے ساتھی اداکار عیادت کے لیے ان سے ہسپتال جا کر ملے جس کے بعد ڈاکٹرز نے ان سے کسی بھی قسم کی ملاقات پر پابندی لگا دی ہے۔
یاد رہے کہ وارث نامی ڈرامے سے شہرت پانے والے عابد علی 80ء اور 90ء کی دہائی کے مقبول ترین ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ انہوں نے سینکڑوں ڈراموں میں قابل قدر کام کیا اور درجنوں فلموں کے لیے قابل ستائش اداکاری کی۔
مزید پڑھیں: فلمسٹار شمعون عباسی “ابھی نندن کم آن” میں بھارتی پائلٹ کا کردار ادا کریں گے