نوجوانوں کی لاٹری نکل گئی، کامیاب آئیڈیا پر 5 لاکھ روپے تک انعام

تازہ ترین

تازہ ترین

وفاقی وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) نے نوجوانوں، محققین اور توانائی کے ماہرین کے لیے پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا آغاز کردیا۔

وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاور سیکٹر میں جدید تحقیق، نئی ٹیکنالوجی اور تخلیقی حل کو فروغ دینا ہے۔ پروگرام کے تحت آئندہ 3 برسوں میں کامیاب اور قابلِ عمل منصوبوں کے لیے 1 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی جائے گی۔

پروگرام کے تحت ایک خصوصی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’انوویشن حب‘‘ کے طور پر کام کرے گا، جہاں ملک بھر کے نوجوانوں، محققین، جامعات اور توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو اپنے آئیڈیاز اور تحقیقی منصوبے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

حکومت کی جانب سے کامیاب منصوبوں کی مالی معاونت کے ساتھ نوجوانوں کو رہنمائی اور سرپرستی بھی فراہم کی جائے گی۔ ہر کامیاب نوجوان کو اس کے جدید اور قابلِ عمل منصوبے کے لیے 5 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اویس لغاری کے مطابق پروگرام کا مقصد بہترین تحقیقی نظریات کو عملی اور صنعتی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے تاکہ پاکستان کے توانائی کے شعبے کو درپیش مسائل کا پائیدار اور جدید حل تلاش کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام محض ایک عارضی اسکیم نہیں بلکہ مستقل قومی ادارہ جاتی نظام کی بنیاد ہے۔ موجودہ دور میں پاور سیکٹر کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، محنت اور تخلیقی سوچ کی ضرورت ہے اور یہ پروگرام نوجوانوں کو اس عمل کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Related Posts