کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند پیر کے روز سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئی ہیں، جہاں دفتر خارجہ میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان کا خیرمقدم کیا۔دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات سے باہمی تعلقات میں مزید پیشرفت کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور کینیڈا کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے نئے عہد کا آغاز ہوگیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انیتا آنند کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فعال سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے اور کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ کینیڈا میں تقریباً تین لاکھ پاکستانی نژاد شہری آباد ہیں۔ ان کے مطابق زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے بھرپور امکانات موجود ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








