کراچی: مختلف جائیدادوں پر قبضے کے الزامات، شاہ لطیف ٹاؤن سے انتہائی مطلوب خارجی گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

خارجی
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے شاہ لطیف ٹاؤن سے انتہائی مطلوب خارجی دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے جس پر مختلف جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں سمیت دیگر سنگین الزامات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک مطلوب دہشت گرد کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم جاوید خان عرف سواتی ضلع سوات کے علاقے شکردرہ کا رہائشی ہے جس کا تعلق کالعدم دہشت گرد کمانڈر فضل اللہ گروپ سے ہے اور وہ دہشت گردی کی متعدد سنگین کارروائیوں کے باعث مطلوب تھا۔

رینجرز کا کہنا ہے کہ جاوید خان عرف سواتی نے سال 2007 میں فتنہ الخوارج میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں فعال رہا۔ ملزم متعدد اسکولوں، پولیس چوکیوں اور سرکاری تنصیبات کو بھی نشانہ بناتا رہا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم پر سرکاری اسلحہ لوٹنے اور مختلف جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں کے الزامات بھی ہیں۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ  سال 2008 میں سوات میں ہونے والے فوجی آپریشن کے دوران ملزم مینگورہ میں روپوش رہا،

خارجی دہشت گرد فوجی آپریشن کے بعد ملک سے فرار ہو کر بیرونِ ملک چلا گیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ جاوید خان سال 2022 میں دوبارہ پاکستان واپس آیا اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ایک بار پھر متحرک ہوگیا۔

گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش مکمل کرنے کے بعد اسے قانونی کارروائی کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سوات کے حوالے کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھیں گے۔

Related Posts