پاکستانی ٹی وی اداکارہ لائبہ خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک مختصر لیکن گہرا مفہوم رکھنے والی پوسٹ نے ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق نئی چہ مگوئیوں کو جنم دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کردیا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ سب لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لائبہ خان نے اسی سال جنوری اور فروری کے دوران اپنے شوہر جواد کے ساتھ شادی کی مختلف تقریبات منعقد کی تھیں، جن میں کئی پُروقار اور بڑے پیمانے کی تقریبات بھی شامل تھیں۔ البتہ دونوں کا نکاح اس سے قبل 2024 میں انجام پا چکا تھا۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شہزادی ڈیانا سے منسوب ایک قول شیئر کیا۔ اس جملے میں لکھا تھا، ’’دنیا کے سب لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں، سوائے اُس شخص کے جس سے میں خود محبت کرتی ہوں۔‘‘
یہ پوسٹ منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے زیرِ بحث آ گئی اور صارفین نے اس کے مختلف مطالب اخذ کرنا شروع کر دیے۔ متعدد افراد کا خیال ہے کہ شاید اداکارہ اور ان کے شوہر کے تعلقات میں کسی نوعیت کی ناخوشگوار صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ شادی کے دنوں میں بھی بعض سوشل میڈیا صارفین نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ جواد پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کی ایک بیٹی بھی موجود ہے۔ تاہم اس حوالے سے نہ لائبہ خان اور نہ ہی جواد کی جانب سے کبھی کوئی باقاعدہ وضاحت یا ردِعمل سامنے آیا۔

اب اس تازہ انسٹاگرام اسٹوری کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ کئی افراد اداکارہ کے لیے ہمدردی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ لائبہ خان پاکستان کی شوبز صنعت کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر ناظرین میں مقبولیت حاصل کر چکی ہیں۔ انسٹاگرام پر بھی ان کی خاصی بڑی فین فالوونگ موجود ہے، جہاں ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








