دنیا بھر میں مسلم امت کی جانب سے محرم الحرام کے ساتھ نئے ہجری سال کا استقبال کیا جائے گا، مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کو نیا غلاف (کسوہ) پہنانے کی روح پرور تیاریاں بھی عروج پر پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اللہ تعالیٰ کے مقدس ترین گھر خانہ کعبہ میں کسوہ پہنانے کے عظیم الشن عمل کو حرمین الشریفین کی خدمت اور مقدس فریضے کی عظمت کے حوالے سے سعودی عرب میں خصوصی اہمیت اور افادیت حاصل ہے۔
عموماً کسوہ کی تیاری کئی ماہ قبل ہی مکہ مکرمہ کے کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ میں شروع ہوجاتی ہے، ماہر کاریگر خالص قدرتی ریشم کا استعمال کرتے ہوئے غلاف کی تیاری کے فرائض انجام دیتے ہیں جس پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے کشیدہ کاری ہوتی ہے۔
ستارة باب #الكعبة الجديدة
New door curtain of the Holy Ka’bah pic.twitter.com/qB70GOAawP
— Haramain Archive (@muslimmakkah) June 13, 2026
کسوہ پر سونے اور چاندی سے ملمع دھاگوں کے ذریعے اسلامی نقوش اور قرآنی آیات کی کشیدہ کاری کو پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ غلاف کی تبدیلی کا موقع قریب آتے ہی مسجد حرام میں نئے کسوہ کے استقبال کی تیاری شروع ہوگئی۔
کسوہ کے مختلف حصوں کو مخصوص مقامات پر منتقل کرنے کے بعد ماہرین قرآنی آیات، اسلامی نقوش اور کڑھائی کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ کسوہ کعبۃ اللہ پر تنصیب کیلئے مکمل طور پر تیار ہے یا نہیں۔
تمام تر امور کا جائزہ لینے کے بعد غلاف کی تبدیلی سے ایک رات قبل ہی خصوصی تکنیکی و انجینئرنگ ٹیمیں غلاف سے سونے سے مزین حصوں اور کڑھائی شدہ اجزاء کو احتیاط سے الگ کرتی ہیں اور پرانا غلاف مرحلہ وار کعبہ سے الگ کردیا جاتا ہے۔
بعد ازاں نئے غلافِ کعبہ کی تنصیب بیت اللہ کی چاروں دیواروں پر انتہائی احتیاط اور احترام کے ساتھ عمل میں لائی جاتی ہے جس کا مقصد کسوہ کے تمام حصوں میں مکمل ہم آہنگی اور درست مطابقت برقرار رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ کسوہ کی تنصیب کے دوران خانہ کعبہ کے گرد لگائی جانے والی پٹی، جو بہترین کشیدہ کاری سے مزین ہوتی ہے اور دروازے کا پردہ بھی نصب کیا جاتا ہے۔ محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی کسوہ کی تنصیب بھی فرزندانِ اسلام کیلئے انتہائی باسعادت موقع تصور کیاجاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








