کوئٹہ: سربراہ جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ ہم ملک بھر میں ضروریاتِ زندگی کی اشیاء مہنگی ہونے کے خلاف جلد ہی مظاہرہ کریں گے۔
سربراہ جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ملک گیر ہڑتال کے لیے جلد کال دیں گے جبکہ تحریکِ انصاف کی حکومت نے ڈیڑھ سال کے عرصے میں ہی لڑکھڑانا شروع کردیا ہے۔
جماعتِ اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ مہنگائی سے نجات کے لیے جماعتِ اسلامی کے مظاہرے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام کو بینرز اور پلے کارڈز پکڑ کر حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہوگا جبکہ حکومت مصنوعی بحران پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوز مافیا کو آج تک لگام دینے میں ناکام رہی۔
حکومت کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہم حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کریں گے جبکہ حکومت نے عوام کے مسائل آج تک حل نہیں کیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کا نہیں، اصولوں کا ساتھ دے گی، حکومتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں ،وزیراعظم کی وجہ سے ادارے کمزور ہوسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر 3 جنوری کو میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہمارے ایمان کا تقاضا ہے کہ اپنے حلف کا پاس کریں۔
مزید پڑھیں: حکومت کا نہیں اصولوں کا ساتھ دیں گے، سینیٹر سراج الحق