لاہور: حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے مسلم لیگ (ق) کو مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی جبکہ مسلم لیگ (ق) نے حکومتی وفد سے مذاکرات میں مطالبات پر عملدرآمد کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔
تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے وفود کے درمیان ملاقات پنجاب ہاؤس میں ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، جہانگیر ترین، پرویز خٹک، مونس الہٰی، طارق بشیر اور چوہدری سالک شریک تھے۔
مسلم لیگ (ق) کے وفد میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الہٰی، چوہدری سالک حسین اور چوہدری حسین الہٰی شامل تھے، حکومتی وفد نے ق لیگ کو مطالبات کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں، ہمارا اتحاد جاری رہے گا، مطالبات میں ترقیاتی عمل سب سے اہم مطالبہ تھا۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ‘ہمارے تحفظات کو سمجھنے کے لیے پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جب آپ ایک ہی گھر میں رہتے ہیں تو رائے کا اختلاف ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم اورجی ڈی اےکے بعد مسلم لیگ (ق) کے بھی حکومت سے تحفظات