ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں نامعلوم ملزمان نےایک مقامی مدرسے سے تعلق رکھنے والے سولہ سالہ طالب علم کی زبان کاٹ دی ہے۔
خان پور کے علاقے پاکستان کالونی کے مدرسہ صدیقیہ تعلیم القرآن کے طالب علم کی زبان کاٹنے کے بعد ملزمان نے اسے رسیوں سے باندھ کر تڑپنے کے لیے چھوڑ دیا۔
مقامی افراد نے جب انور کو اس حالت میں دیکھا تو فوری طور پر ریسکیو اور علاقہ پولیس کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں اسے فوری طورپرقریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔مقامی ہسپتال نے زخمی طالب علم کو شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا جس پر اسے رحیم یار خان لے جایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈہرکی میں بیٹے پر کاروکاری کا الزام، باپ کا منہ کالا کردیا گیا
علاقہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ دکھائی دیتا ہے، تاہم اس حوالے سے ہر پہلو پر تفتیش کی جائے گی۔
خا ن پور پولیس کے مطابق ملزمان نے انور کو اس وقت گھیرے میں لیا جب اس کے آس پاس کوئی نہیں تھا، جس کی وجہ سے کسی کو مدرسے کے اس طالب علم کے غائب ہونے کا پتہ نہیں چل سکا۔ انور اس وقت بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہے، تاہم جیسے ہی وہ ہوش میں آگیا، اس سے واقعے کے متعلق باز پرس کی جائے گی اور تحریری بیان لیا جائے گا جس کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں:ہم لڑکیوں کو اغوا کرتے ہیں اور منشیات کا عادی بنا کر بیچ دیتے ہیں۔جرائم پیشہ خاتون کا اقرار