کراچی: وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو سیاست کرنے کا حق ہے، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام کے اندر جڑیں کمزور ہو چکی ہیں۔
گورنرہاؤس میں کراچی بحالی کمیٹی کے اجلاس کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ عمران خان، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمن ٹھیک کہتے ہیں کہ 2020 ترقی اور تبدیلی کا سال ہے، بلاول اور مولانا نے ترقی نہیں دیکھی، اس سال ترقی ہوگی جو دراصل تبدیلی ہو گی۔ا
نہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو سیاست کرنے کا حق ہے، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام کے اندر جڑیں کمزور ہو چکی ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ سندھ کا لوکل گورنمنٹ سسٹم آئین کے خلاف ہے، حکومت کا مقامی حکومت کا نظام غیر فعال ہے، اس کے باوجود ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعدپٹرول پر ٹیکس پہلے سے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے، کراچی میں پانی بحران کے پیش نظرکے فور وقت کی ضرورت ہے، نیسپاک نے کے فورمنصوبے پر دوبارہ ڈیزائننگ کا کام مکمل کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں وفاقی منصوبوں کو فنڈز فراہم کردیے گئے ہیں، سکھر حیدرآباد موٹروے کے لیے پبلک پرائیوٹ اتھارٹی نے کام شروع کردیا ہے، وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ کر کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون، ناردرن بائی پاس اور لیاری ایکسپریس وے کے منصوبوں پر بات ہوئی، سکھر سے حیدرآباد موٹروے پر 200 ارب روپے لاگت آئے گی، حکومت کے وسائل محدود ہیں اسی لیے نجی شعبے کی شراکت داری ضروری ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ جمہوری نظام میں سیاست ہر پارٹی کا حق ہے، کراچی، سندھ کے عوامی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، پہلے کہا جاتا تھا کہ پی ٹی آئی کراچی سے ایک سیٹ بھی نہیں جیتے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دسمبر میں عوام کو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد زائد گیس مہیا کی گئی، عمر ایوب خان