کراچی: قومی الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی مالی سال 2023-24 کی رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک ہلاکتوں کے سب سے زیادہ واقعات والی تقسیم کار کمپنی کے طور پر سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کے سروس ایریاز میں 34 ہلاکتوں کے واقعات پیش آئے جن میں 32 شہری اور 2 ملازمین شامل ہیں۔
نیپرا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف تقسیم کار کمپنیوں کے زیر انتظام علاقوں میں کل 140 ہلاکتیں ہوئیں۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے 26 ہلاکتیں رپورٹ کیں جبکہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے 20، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے 18، اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) نے 9 ہلاکتوں کی اطلاع دی۔
دیگر کمپنیوں کے ہلاکتوں کے اعدادوشمار درج ذیل ہیں:
حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے ہر ایک نے 9 ہلاکتیں ریکارڈ کیں۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 7
سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) نے 5
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے 3 ہلاکتوں کی اطلاع دی۔
نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں پر حفاظتی معیار پورا نہ کرنے پر تنقید کی اور زور دیا کہ ان واقعات کو سخت حفاظتی پروٹوکول کے نفاذ کے ذریعے روکا جا سکتا تھا۔ اتھارٹی نے فوری اقدامات کرنے اور مزید حادثات سے بچنے کے لیے حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ نے تمام تقسیم کار کمپنیوں میں حفاظتی اقدامات کی بہتری کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے، خاص طور پر کے الیکٹرک کی کارکردگی نے اہم خدشات کو جنم دیا ہے۔