کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ چڑیا گھر کے مغل گارڈن کی صورتحال گزشتہ کئی سال سے خراب رہی ہے، یہ تاریخی جگہ ہے ملکہ جاپان سمیت معروف اداکار دلیپ کمار اور دیگر بین الاقوامی شخصیات یہاں آ چکی ہیں۔
کراچی چڑیا گھر میں مغل گارڈن کی تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لئے کھولے جانے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اختر کاکہناتھا کہ آج سے لوگ اپنی فیملی کے ہمراہ آنا شروع ہوجائیں گے اور بچے یہاں آ کر بہت خوش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس گارڈن کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، بلدیہ عظمی کراچی شہریوں کو سستی تفریح فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اب تک کافی تعداد میں پارکوں کا ترقیاتی کام مکمل کر کے عوام کے لئے انہیں کھولا گیا ہے۔
وسیم اخترنے کہا کہ کراچی چڑیا گھر کی ترقی کا کام جاری ہے، دوسرے مرحلے پر کام جلد شروع ہو گا، الہٰ دین پارک کا معاہدہ ختم ہو گیا ہے اس کو از سر نو ٹینڈر کیا جائے گا اور تمام قانونی کارروائی پوری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ہم بانی پاکستان کے خواب کواپنے ہاتھوں سے دفن کررہے ہیں، ڈاکٹر معین الدین عقیل