اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز حماد اظہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت کی انتھک کاوشوں سے معیشت بحران سے نکل کرترقی کی راہ پر چل نکلی ہے، عالمی مالیاتی بورڈ کا ریویو حکومت کی معاشی اصلاحات کی کامیابی کی خبر دے رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز حماد اظہر نے کہاکہ گزشتہ ادوار کی بدترین معاشی مینجمنٹ قوم کیلئے کئی طرح کی تکالیف کا سبب بنی، ’’قابل اور تجربہ کار ‘‘ٹولا اقتدار سے الگ ہوا تو معیشت دیوالیہ پن کے گڑھے کے کنارے کھڑی تھی، ’’ تجربہ کار‘‘ٹولے کی حکومت ختم ہونے کی دیر تھی کہ موڈیز نے پاکستان کو مستحکم سے نکال کر منفی درجے میں شامل کرلیا۔
حماد اظہر نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کی 15 ماہ کی انتھک محنت کے بعد موڈیز نے پاکستانی معیشت کے ماتھے سے منفی کا لیبل ہٹاکر مستحکم درج کیا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73% کمی قوم کیلئے بڑی خوشخبری سے کم نہیں۔
حماد اظہر نے کہاکہ نومبر 2018 میں خسارہ 1166 ملین ڈالرز تھا، نومبر 2019 میں یہ خسارہ 319 ملین ڈالرز کی سطح تک کم ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نومبر کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 72.6 فیصد کمی ہوئی، مشیر خزانہ