حکومت نے دفترِ خارجہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی منظوری دے دی، دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کو جرمنی میں پاکستان کا سفیر مقرر کردیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں2 روز قبل وزارتِ خارجہ نے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل سمیت کم از کم 21 سینئر افسران کو ملک کا سفیر اور قونصل جنرل نامزد کیا گیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق جرمنی میں پاکستان کے موجودہ سفیر جوہر سلیم کا اٹلی میں تبادلہ کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ساؤتھ کوریا میں کام کرنے والے سفیر رحیم حیات قریشی کا تبادلہ ایران کردیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ کے ڈی جی ہیومن ریسورس اینڈ کیرئیر پلاننگ ڈاکٹر ظفر اقبال کو رومانیہ میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح ڈنمارک میں احمد فاروق کو سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کشمیر ایک جہد مسلسل کا نام ہے، ہمیں کشمیریوں کی قربانیوں کا ادراک ہے، بھارت بند گلی میں پہنچ گیا، اسے سمجھ نہیں آرہا کیسے نکلے؟،ضرورت پڑی تو کشمیریوں کیساتھ مر بھی جائینگے۔
گزشتہ ماہ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر ایک جہد مسلسل ہے ایک ایونٹ نہیں کہ کچھ وقت میں ختم ہو جائیگا۔کشمیر پر ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
مزید پڑھیں: کشمیر پالیسی میں رتی برابر تبدیلی آئی ہے اورنہ آئیگی، ڈاکٹر محمد فیصل