اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کو چوتھی بار ملک کا وزیراعظم بنانے کیلئے رابطے تیز کردئیے۔ جوڑ توڑ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کیلئے متحرک ہے تاہم ن لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے اور نواز شریف کو چوتھی بار وزیر اعظم بنانے کیلئے رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔
آج سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے مابین ملاقات متوقع ہے۔ گزشتہ روز بھی شہباز شریف نے آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلیفونک رابطے اور حکومت کی تشکیل سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
قومی اسمبلی میں پہلے سے بہتر پوزیشن حاصل کرنے والی متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کا وفد نواز شریف سے ملاقات کیلئے لاہور پہنچ گیا۔ ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے ایم کیو ایم کو حکومت سازی میں تعاون کی درخواست کی جائے گی۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں کثرت سے منتخب ہونے والے آزاد امیدواروں سے روابط کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی تھی جسے آزاد امیدواروں سے حکومت سازی میں تعاون کیلئے حمایت حاصل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔