بابر اعظم کی جانب سے تینوں فارمیٹس کی قیادت سے دستبرداری کے اعلان کے بعد یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ ان کی جگہ کون پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کیلئے منتخب ہوگا؟ اس سلسلے میں متوقع طور پر شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی کے نام گردش کر رہے ہیں۔
قبل ازیں سابق کپتان بابر اعظم کی کپتانی کی صلاحیت اور ان کی ذاتی کارکردگی کئی دنوں سے بحث کا موضوع بنی ہوئی تھی۔ بالخصوص بابر کی کپتانی میں گرین شرٹس کو ورلڈکپ میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا تو ہر طرف سے ٹیم کی قیادت پر انگلیاں اٹھائی جانے لگیں۔
ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج سے ہی بدترین کارکردگی کے نتیجے میں بستر گول ہونے کے بعد گرین شرٹس پر تنقید شدت اختیار کر گئی، جس کا انجام اب کپتان کے استعفے کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔
بابر اعظم کے فیصلے سے قبل انہیں چیئرمین پی سی بی نے طلب کیا تھا، جہاں انہیں دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیش کش کی گئی تاہم بابر نے تینوں فارمیٹس کی قیادت سے دستبرداری کو ترجیح دی۔
بابر کی دستبرداری کے بعد شان مسعود کو آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں کپتان بنانے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں گرین شرٹس کی قیادت کریں گے۔
غیر تصدیق شدہ رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہین آفریدی کو اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کیلئے بھی کپتان بنایا جائے گا۔
بابر اعظم کو 2019 میں کپتان بنایا گیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم نے ان کی قیادت میں کوئی آئی سی سی یا ایشیا کپ ٹائٹل نہیں جیتا۔