کراچی کے چڑیا گھر میں پہلے بین الاقوامی طرز کے فش ایکوریم کا افتتاح کردیا گیا، ایکوریم میں 20 سے زائد ممالک کی نایاب مچھلیاں موجود ہیں۔
فش ایکوریم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ ایکوریم کافی عرصے سے بند تھا جسے دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔
میئر کراچی کے مطابق کراچی کے تفریحی مقامات کو بہتر کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ پیپلزپارٹی شہر کی خدمت کرنا چاہتی ہے اور ہم بہت جلد کراچی کے تمام تفریحی مقامات کو بین الاقوامی طرز میں تبدیل کردیں گے۔
اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر اقبال نواز کا کہنا تھا کہ اس ایکوریم میں 25 ممالک کی نایاب مچھلیاں موجود ہیں۔ ایکوریم کا ٹکٹ پچاس روپے رکھا گیا ہے۔
فش ایکوریم میں جنوبی امریکہ، بولیویا، جاپان، تھائی لینڈ، تائیوان، میکسیکو، جنوبی ایشیا، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کی نایاب مچھلیاں موجود ہیں، جن کو دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد چڑیا گھر کا رخ کررہی ہے۔
جو چیز فش ایکوریم کو خاص بناتی ہے وہ یہ کہ یہاں پر ہر رنگ اور سائز کی مچھلیاں ہیں۔