لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ نے آج اپنے خطاب میں کیا کہا عوام کوکچھ سمجھ نہیں آیا ، طبیعت تو ٹھیک تھی، سارا خطاب ہوتا ہے ، ہوتی ہے ، جنون ہے ، دماغ ، دل ، یہ ہے، وہ ہے، یہ تھا، وہ تھا ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آپ کا نیا پاکستان آج کے خطاب تک تصوراتی ہے ،آپ نے صحیح کہا آپ کا موازنہ دوسری حکومتوں سے کیا جائے گا ،موازنہ کیا جائے گا کہ پندرہ ماہ میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا کر دی ۔
موازنہ کیا جائے گا پندرہ ماہ میں تاریخی 14 ہزار ارب کا قرض لیا ،موازنہ کیا جائے گا نواز شریف کے سی پیک ، گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی، گیارہ ہزار کلو میٹر موٹروے کا لنگر، انڈے ، کٹوں اور مرغیوں سے ۔
موازنہ کیاجائے گا شہباز شریف کی لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ، ملتان میٹرو اور اورنج ٹرین کا پشاور میٹرو کے ایک ارب کے کھڈوں کے ساتھ،عمران صاحب میرٹ کا قتل عام تو آپ جیسے نالائق اور نااہلوں کو 22 کروڑ عوام پہ مسلط کر کے ہو گیا ۔
یہ بھی پڑھیں:تاریخ اسے یاد رکھتی ہے جو پیسہ انسانوں کے لیے استعمال کرے۔وزیرا عظم