پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت نے ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے، جبکہ سیاسی شخصیات کی بدنامی کو تفتیشی عمل قرار دیاجاتا ہے۔
سینئر پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان نے سکھر میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر سے لے کر کراچی تک عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے، کسی کا چولہا نہیں جل رہا جبکہ ٹماٹر کی بوری کے دام سونے کو چھو رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ صرف الزامات کی بنیاد پر سیاسی رہنماؤں کو تین تین ماہ تک قید رکھا جاتا ہے، ساڑھے 5 ارب کا الزام لگایا گیا لیکن کیا ثابت ہوا؟
شیری رحمان نے کہا کہ لوگوں کی قوتِ خرید کم ہوتی جارہی ہے، پیٹرول ڈالنے کے لیے پیسے ختم ہوجاتے ہیں۔ احتساب کے نام لیوا بتائیں ملک میں کس سیاسی شخصیت پر آپ نے کون سا کیس ثابت کیا؟
انہوں نے کہا کہ تاریخ جمہوریت کے نام پر رچائے گئے کھیل کی گواہ رہے گی۔ انصاف کے لیے دوہرا معیار بے نقاب ہوچکا ہے۔ یہ لوگ ہم سے ڈرتے ہیں، ہم سچ کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں گھر جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے، دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت25 نومبر کو حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں معاشی ٹیم کی معیشت میں حاصل کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ اٹارنی جنرل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر ترجمانوں کو بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی فارن فنڈنگ کیس پر حقائق سامنے لانے کی ہدایت