لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ حادثات میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
لاہور میں کئی گھنٹوں سے جاری مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
موسلا دھار بارش کے باعث لیسکو کے 70 فیڈرزسے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ شدید بارش کے باعث بجلی بحالی اور امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور میں دوموریہ پل کے نیچے کھڑے پانی میں 17 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ رائے ونڈ میں گھر کی چھت گرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا۔ ڈی سی لاہور نے بارشی پانی یا دریا میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کردی۔
قصور کے علاقے کھڈیاں خاص میں 14 سالہ لڑکا گڑھے میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
وڈھ میں قبائلی تصادم میں نقصان کو اپنا نقصان سمجھتا ہوں۔ نواب اسلم رئیسانی
ادھر حفاظتی بند ٹوٹنے سے دریائے راوی کا سیلابی پانی ملتان روڈ کے متعدد دیہات میں داخل ہوگیا جس سے ان کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ سیکڑوں ایکٹر اراضی میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
دوسری جانب بارش سے تربیلا ، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پاکپتن ، واربرٹن ، ننکانہ صاحب ، شرقپورشریف اور دیگر شہروں بھی رات گئے سے موسلادھار بارش جاری ہے۔