کراچی میں نئی سبزی منڈی پر ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، واقعے کے خلاف تاجروں نے سپرہائی وے پر دھرنا دے دیا۔
مشتعل مظاہرین نے سپر ہائی وے کے دونوں ٹریک بند کردیے۔ احتجاج کے باعث سڑک کے دونوں ٹریک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی سے حیدر آباد جانے والے ٹریفک کو رم جھم جمالی پل کے قریب سے گزارا جارہا ہے، جبکہ حیدرآباد سے کراچی آنے والے ٹریفک کو ملیر ماڈل کالونی بھیجا جارہا ہے۔
پنجاب میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 4 دہشتگرد گرفتار، بارودی مواد برآمد
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سبزی منڈی میں ملزمان نے ٹائر کی دکان پر ڈکیتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ سے ایک جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
مظاہرین کے مطابق ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے سبزی منڈی کے تاجر پریشان ہیں۔
شرکاء نے ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ ہمیں تحفظ دیا جائے تاکہ پر سکون ماحول میں کاروبار کیا جاسکے۔