آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کا یہ چوتھا روز ہے جس میں فالو آن کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے اسد شفیق نے 100 گیندیں کھیل کر 50 رنز بنا لیے ہیں۔
میزبان ٹیم آسٹریلیا نے ایک ہی اننگز میں پاکستان کے خلاف 589 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پہلی اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 302 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد ٹیم کو فالو آن پر مجبور ہونا پڑا۔
ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز فالو آن کے دوران اب تک 45 اوورز کا کھیل ہوچکا ہے۔ قومی کھلاڑیوں نے دوسری اننگز کے دوران اب تک 142 رنز بنا لیے ہیں جبکہ ان کے 4 کھلاڑی آؤٹ بھی ہوچکے ہیں۔
افتخار احمد نے اب تک 13 بالز کھیل کر 2 رنز بنائے ہیں اور وہ اسد شفیق کا ساتھ دینے کے لیے مزید اسکور کرنے کے موڈ میں ہیں، تاہم آسٹریلین باؤلرز کی پوری کوشش ہے کہ دوسری اننگز میں بھی پاکستان کو زیادہ مقابلہ نہ کرنے دیا جائے۔
آسٹریلین باؤلر ہیزل ووڈ نے 14 اوورز کے دوران 39 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں جبکہ گزشتہ روز دھواں دھار باؤلنگ سے پاکستانی کرکٹرز کو پویلین کی راہ دکھانے والے مچل اسٹارک نے اب تک صرف ایک ہی وکٹ لی ہے۔
مچل اسٹارک نے اب تک 9 اوورز کروائے ہیں جس کے دوران انہوں نے 35 رنز دئیے جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے اب تک 14 اوورز کروائے اور 39 رنز دئیے۔ اس کے مقابلے میں پیٹ کمنز اب تک کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
فال آف وکٹس کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ امام الحق گزشتہ روز ہی 2 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے جبکہ ابھی چوتھے اوور کا کھیل جاری تھا۔ کپتان اظہر علی 11 کے اسکور پر، بلال اعظم 20 پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ایک اچھی پارٹنر شپ کی توقع کی جارہی تھی۔
اچھی پارٹنر شپ بھی شان مسعود کے 123 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہونے کے باعث ٹوٹ گئی جبکہ اِس وقت اسد شفیق اور افتخار احمد بیٹنگ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسر شاہ نے آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں دلیرانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔
89 پر 6 وکٹیں گر جانے کے بعد یاسر شاہ نے بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیا اور ساتویں وکٹ میں 105 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی مشکلات کو کم کیا۔
مزید پڑھیں: یاسر شاہ کی ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں دلیرانہ بیٹنگ،113 رنز جڑ دیئے