پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 589 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی جس کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کینگروز کا مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز تھا، ڈیوڈ وارنر 166 جب کہ مارنس لبوشین 126 رنز پر کریز پر موجود تھے۔
369 کے مجموعی اسکور پر لبوشن 162 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے انہوں نے 22 چوکے بھی جھڑے۔تاہم قومی باولرز بے بسی کی تصویر بنے رہے اور آسٹریلوی بلے بازوں نےپاکستانی باؤلرز کی جم کر دھلائی کی۔
تیسری وکٹ کی شراکت کے دوران ہی وارنر نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ 490 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تیسری وکٹ ملی، شاہین کا تیسرا شکار اسٹیون اسمتھ بنے جنھوں نے 36 رنز بنائے، تاہم وارنر کی دوسرے اینڈ سے بہترین بلے بازی جاری رہی اور انہوں نے کیریئر کی پہلی ٹرپل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کا اسکور 589 رنز تک پہنچا تو آسٹریلین کپتان ٹم پین نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، ڈیوڈ وارنر 335 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کی جانب سے ٹرپل سینچری اسکور کرنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی کے علاوہ کوئی بھی بولر وکٹ نہ لے سکا، پاکستانی بولر عباس، یاسر اور موسیٰ بے بسی کی تصویر بنے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کیلئے سری لنکن اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا