لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہم جنگل کے قانون کی زد میں ہیں جبکہ تحریکِ انصاف کو کچلا جارہا ہے، قائدین کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے کارکنان اور حمایتیوں کی طرح شاہ محمود قریشی کو بھی ضمانت ملنے کے باوجود پھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اب ہم پوری طرح جنگ کے قانون کی زد میں ہیں۔
سابق رکنِ اسمبلی صائمہ ندیم کو بیرونِ ملک جانے سے روک دیا گیا
ٹوئٹر پیغام میں چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے کہا کہ یہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہی اصل دستور ہے۔ اِس لاقانونیت کی راہ میں واحد رکاوٹ ہماری عدلیہ ہے۔ سپریم کورٹ احکامات کے ساتھ آئین کو بھی نہایت بے رحمی اور ڈھٹائی سے روندا جارہا ہے۔
پیغام میں سابق وزیر اعظم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے ذریعے تحریکِ انصاف کو کچلنے کا سلسلہ جاری ہے اور ہمارے قائدین کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انسانی حقوق کا سرِ قتل ہورہا ہے۔ میڈیا کا گلا گھونٹا جاچکا ہے۔
چیئرمین تحریکِ انصاف نے کہا کہ سوشل میڈیا کارکنان کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عدالتی احکامات کے باجود عمران ریاض کو عدالت میں پیش نہیں کیا جارہا۔ اس کے ساتھ شدید گرم موسم میں ہمارے گرفتار کارکنان تنگ و تاریک کوٹھڑیوں میں ٹھونس دئیے گئے۔
تحریک انصاف کے کارکنان اور حمایتیوں کیطرح وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی ضمانت ملنے کے باوجود پھر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اب ہم پوری طرح جنگل کے قانون کی زد میں ہیں جہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول ہی اصل دستور ہے جبکہ اس (لاقانونیت) کی راہ میں واحد رکاوٹ ہماری عدلیہ…
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 23, 2023
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کئی ایک کارکنان کو دورانِ حراست بد ترین تشدد کا سامنا ہے۔ اس یزیدیت کے سامنے سرنگوں ہونے کا مطلب بحیثیت قوم ہماری موت ہے۔ چنانچہ میں اپنے آخری دم تک اس یزیدیت کے خلاف مزاحمت کروں گا۔