ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتدار کی کرسی پرڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں بلکہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔
قوم نے ہمیں تبدیلی لانے کیلئے بھر پور مینڈیٹ دیا ہے،عوامی مینڈیٹ کے مطابق ملک کو درست سمت پر ڈال دیا ہے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔
ملک میںایسا نظام چاہتے ہیں جس میں عام آدمی کا فائدہ ہو،ملکی معیشت گرفت میں آگئی ہے،معاشی ترقی کو جانچنے والے بین الاقوامی ادارے، پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری کی نوید سنا رہے ہیں۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی اور دیگر مالی اشاریوں کا مثبت رجحان، ہماری معاشی بہتری کو ظاہر کر رہا ہے۔
ہماری معاشی سفارتکاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں بیرون سرمایہ کار کمپنیاں، سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا رخ کر رہی ہیں۔جن کی بدولت ملکی معیشت مضبوط اور روزگار میں اضافہ ہوگا
مزید پڑھیں :ملتان کے وائٹ ہاؤس میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا فیصلہ کیا گیا، شاہ محمود قریشی
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کی این اے 157 کی یونین کونسل 63سیتل ماڑی ‘ یوسی 42‘یوسی 19میں مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزاہ زین حسین قریشی ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ‘ رانا عبدالجبار‘ سید بابر شاہ ‘ شیخ طاہر وپی ٹی آئی رہنمائو ںکی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔
انہوں نے کہا سی پیک اور بیلٹ اینڈروڈ جیسے منصوبے ہماری حکومت کے شاندار منصوبے ہیں۔ سی پیک خطے میں تبدیلی کا استعارہ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیاحت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی،جیسے ثمرات حاصل ہونگے۔
ان منصوبوں کی تکمیل سے رکاوٹیں ختم ہونگی، عوام قریب آئیں گے اور روابط کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔
اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں ہماری توجہ صنعت سازی اور معاشی و معاشرتی ترقی پر مرکوز ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔
پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے “سی پیک اتھارٹی” قائم کر دی گئی ہے۔ صنعتی ترقی کیلئے حکومت بہت جلد اقتصادی زونز قائم کرنے جارہی ہے۔
انہوں نے کہا این اے 156کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنے ووٹوں سے مجھے منتخب کرکے اسمبلی میں بھیجا اور ان کا منتخب نمائندہ دنیا بھر میں پاکستان کی بھر پور نمائندگی کررہا ہے۔انہوں نے کہا ملتان کی مٹی سے پیار ہے۔
یہاں کے عوام کی محبتیں قرض ہیں اور اب قرض کو اتارنے کا وقت آگیا ہے۔ الیکشن کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا وقت آگیا ہے۔
ملتان کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان تیار ہو رہاہے۔ اور جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ملتان شہر کیلئے ایک بہت بڑے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا جائے گا۔ اس خطے کی محرومیاں دور کریں گے۔ اور جو کچھ ہو سکا اس خطے کی ترقی کیلئے کرونگا۔
یہ بھی پڑھیں :عمران صاحب جھوٹ بولنے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی ، مریم اور نگزیب