ملتان کے وائٹ ہاؤس میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا فیصلہ کیا گیا، شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس ملتان کی اپنی ایک تاریخ ہے،اس گھر میں ملک بھر سے سائنسدانوں کو بلایا گیا اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اس گھر میں پاکستان کو محفوظ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس گھر میں کئے گئے فیصلوں کی بدولت پاکستان ناقابل تسخیر قوت بن چکا ہے اور کوئی دنیاوی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے کزن نواب ریاض حسین قریشی مرحوم کی قل خوانی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا وائٹ ہائوس کے مکین رواداری ‘ وزاداری میں اپنی مثال آپ تھے یہاں کے بزرگوں نے ملتان کے لوگوںمیں محبتیں اور خوشیاں بانٹیں۔

اب اس گھر کی نوجوان نسل کو اپنے بزرگوں کی روایات کا امین بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دنیا میں ہم سب لوگ مسافر ہیں اور سب نے ابدی سفر پر جانا ہے،ہمیں اس سفر کے لیے تیاری کرنا ہوگی، اس سفر کیلئے زاد راہ تیار کرنا ہوگا۔ انہوں کہا نواب ریاض حسین قریشی ایک شریف النفس اور وضعدار انسان تھے۔

مرحوم ہر ایک سے پیار کرنے والے اور خوش اخلاق انسان تھے۔ مرحوم کی کمی اور خلاء مدتوں پْر نہیں ہوگا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کزن اور سابق گورنر و وزیراعلیٰ پنجاب نواب صادق حسین قریشی مرحوم کے فرزند نواب ریاض حسین قریشی کی رسم قل خوانی گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ وائٹ ہائوس ملتان میں ادا کی گئی۔

اس موقع پر مجلس عزاء سے ممتاز عالم دین علامہ ناصر سبطین ہاشمی نے خطاب کیا۔ قل خوانی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

Related Posts