لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف نے اپنے سینئر رہنما و سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کی گرفتاری پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کو آج صبح کے وقت لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیرِ توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو رات کی تاریکی میں اغوا کرنا بزدلانہ فعل ہے۔ ایسے گرفتار کیا گیا جیسے دہشت گردوں کو پکڑا جاتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری لاہور سے گرفتار
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ بتائیں کیا مارشل لاء لگ چکا اور اس کا اعلان کرنا باقی ہے؟ فواد چوہدری کو کہاں رکھا گیا ہے؟ متنازعہ نگراں وزیرِ اعلیٰ کیا اس مقصد کیلئے مقرر کیے گئے تھے؟یہ ظلم اور بربریت ختم کرنا ہوگی۔ اعظم سواتی کو اٹھایا گیا، کیا آواز بھی دبا لی گئی؟
خیال رہے کہ تاحال فواد چوہدری کو پولیس نے حراست میں لینے کے باوجود گرفتاری کی تصدیق نہیں کی، تاہم فواد چوہدری کے خلاف درج ایف آئی آر سامنے آگئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کی الیکشن کمیشن کے خلاف تقریر پر درج ایف آئی آر میں مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد چوہدری کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے دعوے کے مطابق فواد چوہدری کو لاہور میں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے، بعد ازاں انہیں اسلام آباد لے جایا جائے گا۔